پیر, ستمبر 21, 2026
ہومقائد کے مواقفدورِ حاضر کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے سیرتِ امام حسن عسکریؑ...

دورِ حاضر کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے سیرتِ امام حسن عسکریؑ سے رہنمائی لی جائے: علامہ سیدساجد علی نقوی

امام حسن عسکریؑ کی سیرت سے رہنمائی لے کر عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جائے: علامہ سید ساجد علی نقوی

راولپنڈی/اسلام آباد، 21 ستمبر 2026ء: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکریؑ کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام حسن عسکریؑ نے انتہائی کٹھن اور نامساعد حالات میں اپنے والد گرامی حضرت امام علی نقیؑ کی شہادت کے بعد منصب امامت سنبھالا اور دین اسلام کی حفاظت و ترویج کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ امام حسن عسکریؑ کی امامت کے اثرات معاشرے پر واضح طور پر مرتب ہوئے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد راہ حق و صداقت کی طرف متوجہ ہوئی۔ حکمرانوں کے شدید دباؤ اور کڑی نگرانی کے باوجود امامؑ نے اسلام مخالف نظریات اور اقدامات کا مقابلہ کیا اور مختلف تدابیر کے ذریعے انہیں بے اثر کیا۔

علامہ ساجد نقوی کے مطابق حکومتی پابندیوں اور ناسازگار حالات کے باعث امام حسن عسکریؑ کو اپنے وسیع علمی و دینی افکار کی براہ راست ترویج کے محدود مواقع میسر آئے، تاہم آپؑ نے ایسے باصلاحیت شاگردوں کی تربیت کی جنہوں نے معارف اسلام کی اشاعت، فروغ اور معاشرے کی اصلاح میں اہم کردار ادا کیا۔ آپؑ کے شاگردوں میں احمد بن اسحاق قمی، عثمان بن سعید اور علی بن جعفر جیسے جلیل القدر افراد شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی مشکلات اور پیچیدہ مسائل درپیش آتے، امام حسن عسکریؑ اپنی علمی بصیرت، علم امامت اور حیرت انگیز تدبیر کے ذریعے ان کا حل پیش فرماتے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ انسانی معاشرے جب ناانصافی، بے عدلی، تشدد اور دیگر برائیوں کا شکار ہوتے ہیں تو ایک ایسے مسیحا کے منتظر ہوتے ہیں جو انہیں مشکلات سے نجات دلائے، ظلم کا خاتمہ کرے اور ایک پرامن، صالح اور نیکی پر مبنی معاشرہ قائم کرے۔ امام حسن عسکریؑ کی عظمت و بزرگی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ پوری کائنات جس مسیحا کی منتظر ہے، وہ آپؑ کے فرزند صالح حضرت امام مہدیؑ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں دنیائے انسانیت بالعموم اور عالم اسلام بالخصوص جن بحرانوں اور چیلنجز سے دوچار ہے اور انسانی معاشرہ جس اخلاقی و سماجی گراوٹ کا شکار ہے، اس صورتحال میں ہدایت اور درست پیشوائی کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے زور دیا کہ امام حسن عسکریؑ کی سیرت و تعلیمات کا مطالعہ کرکے اور ان پر عمل پیرا ہوکر موجودہ مسائل کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ امام حسن عسکریؑ کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے انسانیت کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں، عدل و انصاف کو فروغ دیں اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کریں جو اسلامی اقدار، جمہوری اصولوں اور انصاف پر مبنی ہو

متعلقہ مضامین
- Advertisment -
Google search engine

تازہ ترین